نئی دہلی :حکومت ہند نے ملک میں تیزی سے بڑھ رہے ڈیجیٹل اریسٹ اور بلیک میلنگ کے واقعات کے خلاف سخت قدم اٹھاتے ہوئے 1000 اسکائپ آئی ڈی کو بلاک کر دیا ہے اور ساتھ ہی اس طرح کی دھوکہ دہی میں شامل ہزاروں سِم کارڈ کو بھی بلاک کر دیا ہے۔ حکومت نے اس کے لیے مائیکروسافٹ کے ساتھ شراکت داری کی ہے اور یہ کارروائی انڈین سائبر کرئم کوآرڈنیشن سنٹر (آئی 4 سی) کی طرف سے کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزارت داخلہ کے تحت انڈین سائبر کرائم کوآرڈنیٹر سنٹر (آئی 4 سی) ملک میں سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے سرگرمیوں کی ہم آہنگی پر توجہ دیتا ہے۔ وزارت داخلہ سائبر دھوکہ دہی سے نمٹنے کے لیے دیگر وزارتوں اور ان کی ایجنسیوں، آر بی آئی اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ آئی 4 سی دھوکہ دہی کے معاملوں کی شناخت اور جانچ کے لیے ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں کے پولیس افسران کو اِنپٹ و تکنیکی مدد بھی فراہم کر رہا ہے۔