جام تاڑا : جھارکھنڈ کے جام تاڑا میں بدھ کی شام ٹرین کی زد میں آکر 12 افراد کی موت ہو گئی۔ تقریباً نصف درجن افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ریلوے پولیس اور مقامی انتظامیہ کی ٹیموں نے راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا ہے۔ یہ واقعہ کرماٹانڈ کے قریب کالاجھریا میں پیش آیا ہے۔ بتایا گیا کہ انگ ایکسپریس ٹرین میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد اس میں سوار مسافروں نے افراتفری میں نیچے کودنا شروع کر دیا۔ اسی دوران سامنے سے آرہی جھاجھا ۔ آسنسول مسافر ٹرین پٹری پر گرے مسافروں کے اوپر سے گزر گئی۔ انگ ایکسپریس کو بھی روک دیا گیا ہے۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بنگلور-یشونت پور ایکسپریس ڈاؤن لائن سے گزر رہی تھی۔ اس دوران لائن کے کنارے ڈالی گئی گٹی کی دھول اڑ رہی تھی لیکن دھول دیکھ کر ڈرائیور کو اندیشہ ہوا کہ ٹرین میں آگ لگی ہے اور دھواں نکل رہا ہے، جس کی وجہ سے ٹرین کو روکتے ہی مسافر بھی فوراً اتر گئے۔ اس دوران اپ لائن پر جا رہی EMU ٹرین کی زد میں آکر کئی مسافروں کی موت ہو گئی۔دوسری جانب ریلوے کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ ٹرین کو زنجیر کھینچنے کی وجہ سے روکا گیا، جس سے ٹریک پار کرنے والے کچھ لوگ سامنے سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئے۔ فی الحال صرف دو افراد شدید زخمی بتائے جاتے ہیں جنہیں اسپتال لے جایا گیا ہے۔