دمشق : شام کے کرد مسلح گروپ نے باغیوں کے زیر قبضہ ملک کے شمال میں ترکیہ کے حامی جنگجوؤں کے زیر قبضہ علاقہ پر حملہ کیا ہے، جس میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رسدگاہ برائے انسانی حقوق نے بتایا کہ کرد عفرین لبریشن فورسز نے صوبہ حلب میں واقع شہر الباب کے مضافات میں متحارب گروہوں کے درمیان باہمی لڑائی کا فائدہ اٹھایا اور میں نصف شب کے بعد حملہ کیا تھا۔رسدگاہ کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ کرد مسلح گروپ نے توپ خانے کی مدد سے علاقہ میں دراندازی کی ہے اور وہاں مختلف جنگجو گروپوں کے درمیان باہمی لڑائی کا فائدہ اٹھایا ہے۔اس شب خون میں 14 ہلاکتوں کے علاوہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔تمام مہلوکین اور زخمی ترکیہ کے حامی جنگجو ہیں۔
باغیوں کے زیر قبضہ علاقہ میں ایک مسلح دھڑے کے قائد نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے لیکن بتایا کہ یہ جنگجو ایک ایسی تنظیم سے رکھتے تھے جو ترکیہ کے حامی گروپوں سے منحرف ہو گئے تھے۔عفرین لبریشن فورسز کرد جنگجوؤں پر مشتمل ہیں جنھیں کئی سال قبل ترکیہ کی فوجی کارروائی میں شام کے شمال مغربی قصبہ عفرین سے زبردستی نکال باہرکیا گیا تھا اور اب وہ بنیادی طور پر شمالی صوبہ حلب ہی میں موجود ہیں۔