نئی دہلی : ٹاٹا گروپ کی ایئر لائن ایئر انڈیا نے گزشتہ چند ہفتوں میں 180 سے زیادہ نان فلائنگ ملازمین کو برطرف کیا ہے۔ نیو ز پورٹل ’اے بی پی‘ کی خبر کے مطابق، چھٹنی کے اس عمل میں شامل تمام عملہ کمپنی کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم (وی آر ایس) سے فائدہ اٹھانے کے قابل نہیں تھے اور نہ ہی وہ دوبارہ ہنر مندی کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکے تھے۔میڈیا کی خبر کے مطابق، ایئر انڈیا کے ترجمان نے کہا ہے کہ نان فلائنگ اسٹاف میں کام کرنے والے ملازمین کو ادارے کی ضروریات اور ان کی انفرادی میرٹ کی بنیاد پر ایئر لائن میں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے۔ پچھلے 18 مہینوں کے دوران تمام ملازمین کی مناسبیت کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع عمل کی پیروی کی گئی ہے۔ اس مرحلے کے دوران، ملازمین کو رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی متعدد اسکیمیں اور ری اسکلنگ کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔