بہار کے گوپال گنج ضلع میں ایک بڑا حادثہ ہوا ہے۔ یہاں گنڈک ندی میں نہانے کے دوران ڈوب جانے سے ایک ہی کنبہ کے 4 نوجوانوں کی موت ہو جانے کی اطلاع ہے۔ یہ واقعہ بیکنٹھ کے مُنجا گاؤں میں پیش آیا۔ نوجوان ایک ‘شرادھ کرم’ کے لیے گاؤں آئے ہوئے تھے۔ ندی میں تیز بہاؤ کی وجہ سے یہ حادثہ ہونے کی بات کہی جا رہی ہے۔ ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کے کام میں لگ گئی ہے۔ لاپتہ ہوئے نوجوان میں دو سگے بھائی ہیں۔ یہ لوگ یادوپور کے مٹیاری گاؤں کے رہنے والے ہیں۔
اس حادثہ کے سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ ٹیچر نولیش کمار سنگھ کی والدہ کا حال ہی میں انتقال ہو گیا تھا، ان کے دشگاتر کے موقع پر کنبہ کے سبھی نوجوان منڈن کرانے کے لیے گنڈک ندی کے گھاٹ پر گئے تھے۔ منڈن کے بعد سجیت کمار(18) ندی میں نہانے گئے جہاں اچانک ان کا پیر پھسل گیا اور وہ ڈوبنے لگے۔ سجیت کو بچانے کے لیے سمیت کمار (14) اور نکھل کمار (19) اور سنجیو کمار بھی ندی میں کود پڑے۔ ندی میں تیز بہاؤ ہونے کی وجہ سے نوجوان گہرائی میں پوری طرح سما گئے۔