رانچی: جھارکھنڈ کے ضلع دُمکا کے موہن پور گاؤں میں ایک اسکول کے مڈ ڈے میل میں چھپکلی ملنے سے 47 بچے بیمار ہو گئے۔ واقعہ پلس ٹو ہائی اسکول موہن پور کا ہے جہاں طلباء و طالبات کو مڈ ڈے میل دیا گیا تھا۔کھانے میں چھپکلی گرنے سے وہ زہریلا ہو گیا، جس کے نتیجے میں بچوں کی طبیعت بگڑنے لگی۔ بچوں کو فوری طور پر ایمبولنس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کھانے کے دوران کچھ بچوں کو الٹیاں اور بخار جیسی علامات محسوس ہوئیں۔ اس کے بعد اسکول انتظامیہ کو کھانے میں چھپکلی گرنے کا علم ہوا۔ بچ جانے والے کھانے کو فوراً تلف کر دیا گیا۔ متاثرہ بچوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے طالب علم شامل ہیں۔موہن پور گاؤں میں یہ خبر پھیلنے کے بعد والدین اور مقامی لوگوں میں تشویش پیدا ہو گئی۔ اسپتال میں زیر علاج بچوں کی حالت اب قابو میں ہے اور کچھ کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے، جبکہ چند بچوں کا علاج اب بھی جاری ہے۔یہ پہلا موقع نہیں جب مڈ ڈے میل میں ایسی خطرناک صورتحال پیدا ہوئی ہو، اس سے پہلے بھی مختلف علاقوں میں کھانے میں سانپ، چھپکلی، مینڈک وغیرہ پائے جانے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ اس واقعے نے حکومت کی جانب سے اسکولی بچوں کے لیے غذائیت سے بھرپور کھانے کی فراہمی کے دعووں پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔