نئی دہلی: اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس (اے ڈی آر) کے تجزیہ کے مطابق 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں جتینے والے 93فیصد امیدوار ارب پتی ہیں۔تین سرکردہ دولت مند ترین امیدواروں میں ٹی ڈی پی کے چندر شیکھر پیماسانی شامل ہیں جن کا تعلق آندھراپردیش کے گنٹور حلقہ سے ہے جن کے اثاثے 5705 کروڑ روپئے ہیں۔ تلنگانہ چیوڑلہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی امیدوار کونڈا ویشویشور ریڈی کے جملہ اثاثے 4568 کروڑ روپئے ہیں اور بی جے پی کے نوین جندل جن کاتعلق ہریانہ کے کروکشیتر سے ہے ‘ان کے اثاثے 1241 کروڑ روپئے ہیں۔تجزیہ کے بعد 543 فاتح امیدواروں کے منجملہ 504 ارب پتی ہیں۔ 2019 میں 475 (88) فیصد امیدوار ارب پتی تھے جبکہ 2014 میں 443 (82) فیصد امیدوار ارب پتی تھے۔ اس رجحان میں 2009 سے مسلسل اضافہ دیکھا جارہاہے۔ اس وقت صرف 315 (58) فیصد ارکان پارلیمنٹ ارب پتی تھے۔تجزیہ کے مطابق بی جے پی کے 240 فاتح امیدواروں کے منجملہ 227 (95) فیصد‘ کانگریس کے 99کے منجملہ 92 (93) فیصد امیدوار ارب پتی ہیں ۔ڈی ایم کے پارٹی کے 22 کے منجملہ 21 (95) فیصد امیدوار ارب پتی ہیں۔ ترنمول کانگریس کے 29 کے منجملہ 27 (93)فیصد امیدوار اور سماج وادی پارٹی کے 37 کے منجملہ 34 (92) فیصد امیدواروں نے ایک کروڑ سے زیادہ اثاثوں کے مالک ہونے کا اعلان کیا ہے۔
عام آدمی پارٹی کے تمام (3)‘جنتادل (12) اور ٹی ڈی پی کے 16 ارب پتی ہیں۔ اے ڈی آر کے اعداد و شمار کے مطابق2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ارب پتی امیدواروں کے جیتنے کے امکانات زیادہ رہے جبکہ ایک کروڑ سے کم اثاثے رکھنے والے صرف 0.7 فیصد امیدواروں کے جیتنے کے امکانات روشن تھے۔اعداد و شمار کے مطابق 42 فیصد امیدواروں کے اثاثے 10 کروڑ روپئے سے زائد ہیں۔ جیتنے والے 19 فیصد امیدوار 5 تا10 کروڑروپئے کے زمرہ میں ہیں جبکہ 32 فیصد امیدواروں کے اثاثے ایک تا 5 کروڑ روپئے کے درمیان ہیں۔صرف ایک فیصد فاتح امیدواروں کے اثاثے 20لاکھ روپئے سے کم تھے۔بڑی جماعتوں نے ہر فاتح امیدوار کے اوسط اثاثے مختلف ہیں۔ ٹی ڈی پی میں ہر فاتح امیدوار کے اوسط اثاثے 442.26 کروڑ روپئے ہیں۔ بی جے پی میں 50.04 کروڑ‘ڈی ایم کے نے 31.22 کروڑ‘ کانگریس میں 22.93 کروڑ‘ ترنمول کانگریس میں 17.98 کروڑ اور سماج وادی پارٹی امیدواروں کے اثاثے 15.24 کروڑ روپئے ہیں۔