سی ڈی ایس سی او (سنٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن) نے ایک فہرست جاری کی ہے جس میں تقریباً 4 درجن دواؤں کو معیار کے ٹیسٹ میں فیل قرار دیا ہے۔ ان میں بی پی، ذیابیطس اور وٹامن کی کچھ اہم دوائیں بھی شامل ہیں۔ سی ڈی ایس سی او نے جن دواؤں کو ٹیسٹ میں فیل بتایا ہے ان میں درد دور کرنے والی دوا ڈکلوفینیک، بخار اتارنے والی دوا پیراسیٹامول، اینٹی فنگل میڈیسن فلوکونازول اور کچھ وٹامن کی دوائیں بھی ہیں۔ ان دوانوں کو صحت کے لیے مضر قرار دیا گیا ہے۔
سی ڈی ایس سی او نے مجموعی طور پر 53 دواؤں کو ٹیسٹ میں فیل بتایا ہے، حالانکہ فہرست صرف 48 دواؤں کی جاری کی گئی ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ 5 دواؤں کو بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ان کی دوا نہیں ہے۔ یعنی ان کی کمپنی کے نام سے بازار میں نقلی دوائیں فروخت کی جا رہی ہیں۔ 48 دواؤں کی جو فہرست جاری ہوئی ہے ان میں سن فارما کے ذریعہ تیار پینٹوسڈ ٹیبلٹ بھی شامل ہے۔ یہ دوا ایسڈ ریفلکس کے علاج میں استعمال کی جاتی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اس دوا کا استعمال کرتے ہیں اور اس کی فروخت گزشتہ کچھ سالوں میں بہت بڑھی ہے۔ حالانکہ اب یہ دوا معیار کے ٹیسٹ میں ناکام ہو گئی ہے۔