ابو ظہبی :ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ابوظہبی کے پہلے ہندو مندر کا افتتاح کیا ہے۔ یہ مندر راجستھان کے گلابی ریت کے پتھر سے بنایا گیا ہے۔یہ مندر 27 ایکڑزمین پر بنایا گیا ہے اور اس کی اونچائی 108 فٹ ہے۔ یہ مندر اپنے فن تعمیر اور اپنی شان و شوکت سے پوری دنیا کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔ مندر کے افتتاح کے بعد پی ایم مودی نے بھی آرتی میں شرکت کی۔ مندر انتظامیہ کے مطابق مندر کے دونوں جانب گنگا اور یمنا ندیوں کا مقدس پانی بہتا ہے جسے ہندوستان سے بڑے کنٹینرز میں لایا گیا تھا۔
بی اے پی ایس سوامی نارائن سنستھا (بی اے پی ایس) کے بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ سوامی برہماویہری داس نے منگل کو کہا کہ مندر کے ہر کونے میں تھوڑا سا ہندوستان ہے۔ یہاں آپ وارانسی کے گھاٹوں کی جھلک بھی دیکھ سکیں گے۔ ابوظہبی میں بنایا گیا ہندو مندر 108 فٹ ہے۔ اس میں 40,000 کیوبک فٹ سنگ مرمر، 1,80,000 کیوبک فٹ ریت کا پتھر، 18,00,000 اینٹیں استعمال کی گئی ہیں۔ مندر میں 300 سینسر لگائے گئے ہیں۔اس مندر کی دیواروں پر ہزاروں دیوتاؤں، دیویوں، رشیوں اور منیوں کے علاوہ ہزاروں مجسمے تراشے گئے ہیں۔ ہندوستانی جانوروں میں گائے، ہاتھی، مور، وغیرہ کے ساتھ روایتی عربی جانور جیسے اونٹ، اوریکس (صحرائی بکرا)، فالکن وغیرہ شامل ہیں۔اس ہندو مندر کی ‘وال آف ہارمونی’ کو متحدہ عرب امارات میں داؤدی بوہرہ کمیونٹی نے اسپانسر کیا ہے۔ اس دیوار پر قدیم اور جدید زبانوں میں3 ڈی میں وسودھیو کٹنبکم لکھا ہوا ہے۔ یہ مندر جدید ٹیکنالوجی کو قدیم تعمیراتی تکنیک کے ساتھ جوڑنے کی ایک کامیاب مثال ہے۔