پٹنہ: امرت لال مینا بہار کے نئے چیف سکریٹری ہوں گے، جوکہ 1989 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ ابھی مرکز میں وزارت کوئلہ کے سکریٹری کے عہدے پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔ جمعہ کو انہیں مرکزی حکومت نے ان کے عہدے سے آزاد کر دیا جس کے بعد ان کے لیے بہار کا نیا چیف سکریٹری بننے کا راستہ صاف ہو گیا۔ آج ہی بہار کے نئے چیف سکریٹری کے سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری ہونے والا ہے۔ واضح ہو کہ موجودہ چیف سکریٹری برجیش مہروترا ہفتہ کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
امرت لال مینا کے پاس 35 برسوں کا انتظامی تجربہ ہے۔ اپنے طویل کیریئر میں انہوں نے کئی اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔ چیف سکریٹری بننے کے ساتھ ہی اب ان کے پاس بہار کے سب سے بڑے انتظامی عہدے کی ذمہ داری ہوگی۔ قابل ذکر ہو کہ مینا کو نتیش کمار کے خاص اور بھروسہ مند افسروں میں مانا جاتا ہے۔
مرکزی حکومت کے پرسنل، پبلک گریوانسس اور وزارت پنشن نے جمعہ کو امرت لال مینہ کو سنٹرل ڈیپوٹیشن سے آزاد کئے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ حکومت بہار نے اس سسلسلے میں مرکزی حکومت سے گزارش کی تھی۔ حالیہ دنوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب سنٹرل ڈیپوٹیشن پر گئے بہار کیڈر کے آئی اے ایس افسر کو بلاکر چیف سکریٹری بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل دیپک کمار کو سنٹرل ڈیپوٹیشن سے واپس بلاکر کچھ دنوں کے لیے ڈیولپمنٹ کمشنر اور پھر چیف سکریٹری بنایا گیا تھا۔