لکھنؤ: اتر پردیش میں کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان لوک سبھا سیٹوں کی تقسیم پراتفاق رائے ہو گیا ہے۔ دونوں ہی پارٹیوں کی جانب سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ اتر پردیش کی 17 پارلیمانی سیٹوں پر کانگریس اپنے امیدوار کھڑے کرے گی جبکہ باقی 63 پارلیمانی سیٹوں پر انڈیا اتحاد میں شامل دیگر پارٹیوں کے امیدوار کھڑے ہوں گے۔
اتر پردیش کانگریس انچارج اویناش پانڈے نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے تحت پورے ملک میں جمہوریت کو بچانے کے لیے اور آئین کا وقار محفوظ رکھنے کے لیے ملک کی سبھی ذمہ دار پارٹیوں نے جو طے کیا تھا، اسی کے اگلے قدم کی شکل میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس نے یوپی میں سیٹوں کی تقسیم کا عمل انجام دیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران نہوں نےکہا کہ اتر پردیش میں باہمی اتفاق قائم ہو گیا ہے۔ یہاں کانگریس 17 سیٹوں پر انتخاب لڑے گی اور انڈیا اتحاد کی دیگر پارٹیاں بچی ہوئی 63 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کریں گی۔واضح ہو کہ ریاست میں 80 لوک سبھا سیٹوں سے متعلق کسی فیصلہ پر پہنچنے کے لیے دونوں پارٹیوں کے صدور کی ہدایت کے مطابق ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ اس کمیٹی نے یقینی بنایا ہے کہ بی جے پی کا مقابلہ پوری طاقت کے ساتھ کیا جا سکے۔