نئی دہلی: ‘سوچھ سرویکشن ایوارڈ 2023’ میں اندور اور سورت کو سب سے صاف ستھرے شہر قرار دیا گیا ہے۔ سورت نے اپنے سابقہ دوسرے مقام میں بہتری کی ہے اور اب وہ ‘صاف ستھرے شہروں میں مشترکہ طور پر فاتح بن گیا ہے۔ نوی ممبئی نے مرکزی حکومت کے سالانہ صفائی سروے میں اپنا تیسرا مقام برقرار رکھا ہے۔اندور نے مسلسل ساتویں بار صاف ستھرے شہر کا خطاب جیتا ہے۔ ریاستوں میں مہاراشٹر کو سب سے صاف ستھرا قرار دیا گیا، اس کے بعد مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کو بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ مہاراشٹر کے ساسوڈ نے ایک لاکھ سے کم آبادی والے شہروں میں صاف ستھرے شہر کا ایوارڈ جیتا ہے۔
اس زمرے میں چھتیس گڑھ کے پٹن اور مہاراشٹر کے لونا والا کو دوسرا اور تیسرا انعام ملا۔ نوی ممبئی کے علاوہ، ان چھوٹے شہروں نے مہاراشٹر کے پوائنٹس بڑھانے میں مدد کی۔ وارانسی کو گنگا کے شہروں میں بہترین ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ صدر دروپدی مرمو نے جیتنے والوں کو ایک تقریب میں ایوارڈ پیش کیے، جس میں مرکزی ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے بھی شرکت کی۔