نئی دہلی : بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان کرکٹ ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کے لیے ہندوستان پہنچ گئی ہے۔ ورلڈ کپ سے قبل سبھی 10 ٹیموں کو 2-2 پریکٹس میچز کھیلنے ہیں۔ پاکستانی ٹیم 2016 کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے بعد ہندوستان کے دورے پر پہلی بار آئی ہے۔ یعنی پڑوسی ٹیم 7 سال بعد ہندوستان آئی ہے۔
ٹیم انڈیا نے اب تک پاکستان کے خلاف گھر پر 23 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے ہیں۔ اس عرصے کے دوران مہمان پاکستان کی ٹیم میزبان ہندوستان پر حاوی رہی ہے۔ پاکستان نے اب تک ہندوستان میں 14 ون ڈے میچ جیتے ہیں جب کہ ہندوستان نے 9 میچز جیتے ہیں۔ اعداد و شمار میں پاکستانی ٹیم میزبان ہندوستان کی ٹیم پر پوری طرح حاوی ہے۔ ون ڈے ورلڈ کپ کی بات کریں تو پاکستان اب تک ورلڈ کپ میں ہندوستان کو شکست دینے میں ناکام رہا ہے۔ ٹیم انڈیا بڑے میچوں میں پڑوسی ٹیم پر غالب رہی ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں ون ڈے ورلڈ کپ میں اب تک کل 7 مرتبہ آمنے سامنے ہو چکی ہیں، جہاں ٹیم انڈیا نے سبھی میچ جیتے ہیں۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار 1992 میں ون ڈے ورلڈ کپ میں مدمقابل ہوئی تھیں۔ سڈنی میں کھیلا گیا یہ میچ ہندوستان نے 43 رنز سے جیتا تھا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں 1996 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں آمنے سامنے ہوئیں۔ بنگلورو میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ہندوستان نے پاکستان کو 39 رنز سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیمیں 1999 میں مانچسٹر میں ون ڈے ورلڈ کپ میں تیسری بار آمنے سامنے ہوئیں، جہاں ہندوستانی ٹیم 47 رنز سے میچ جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔
سنچورین میں 2003 کے ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئی تھیں، جس میں ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 2011 کے ورلڈ کپ میں ہندوستان نے پاکستان کو موہالی میں 29 رنز سے شکست دی تھی، جب کہ 2015 کے ورلڈ کپ میں ٹیم انڈیا نے پاکستان کو ایڈیلیڈ میں 76 رنز سے شکست دی تھی۔دونوں ٹیمیں پچھلی مرتبہ مانچسٹر میں 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں ٹکرائی تھیں، جہاں ہندوستان نے ڈک ورتھ لوئس ضابطہ کے تحت 89 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ یعنی پاکستان کی ٹیم ہندوستان میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں دو مرتبہ میزبان ٹیم انڈیا کا سامنا کر چکی ہے اور دونوں مرتبہ اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔اب 14اکتوبر کودونوںٹیمیں آمنے سامنے ہونگ،اس مقابلے کو لیکربھی کرکٹ شائقین میں کافی جوش ہے ۔