نئی دہلی :الیکشن کمیشن نے راجستھان میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ بدل دی ہے۔ ریاست میں اب 23 نومبر کی جگہ 25 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے تاریخ میں کی گئی تبدیلی سے متعلق وضاحت بھی کی ہے۔ انتخابی کمیشن نے بتایا کہ راجستھان میں اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کے اعلان کے بعد کئی سیاسی پارٹیوں اور سماجی تنظیموں نے انتخاب کی تاریخ بدلنے کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دن (23 نومبر کو) بڑے پیمانے پر شادیاں اور سماجی تقاریب ہیں۔ اس اپیل کو پیش نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے لیے نئی تاریخ 25 نومبر مقرر کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے راجستھان میں ووٹنگ کے لیے طے کی گئی نئی تاریخ کے ساتھ ساتھ اس سے جڑی دوسری تاریخوں میں بھی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ نئے انتخابی شیڈول کے مطابق 30 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری ہوگا، 6 نومبر تک پرچہ نامزدگی داخل کیا جا سکے گا، نامزدگی پرچوں کی جانچ 7 نومبر کو ہوگی اور 9 نومبر تک نام واپس لیے جا سکیں گے۔ 25 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور اس کا ریزلٹ 3 دسمبر کو سامنے آئے گا جو کہ پہلے مقرر کیا گیا تھا۔