نئی دہلی : آئی پی ایل کے اگلے سیزن سے پہلے لکھنؤ سپر جائنٹس، سن رائزرس حیدرآباد اور کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیموں کو بڑا دھچکا لگتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ ان فرنچائز ٹیموں کے 3 کھلاڑیوں کے لئے آئی پی ایل کے 17ویں سیزن میں کھیلنا مشکل ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ تینوں کھلاڑیوں کے کرکٹ بورڈ نے ان پر فرنچائز کرکٹ کھیلنے پر 2 سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔ ان تینوں کھلاڑیوں کا تعلق افغانستان سے ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے وراٹ کوہلی سے بھڑنے والے تیز گیند باز نوین الحق، اسپنر مجیب الرحمان اور تیز گیند باز فضل فاروقی کے رویے کو دیکھتے ہوئے یہ کارروائی کی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ نوین الحق، مجیب الرحمان اور فضل حق فاروقی قومی ٹیم کی بجائے ذاتی مفادات کو زیادہ اہمیت دے رہے تھے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں پر فرنچائز کرکٹ کھیلنے پر پابندی ہوگی۔ اے سی بی کا کہنا ہے کہ تینوں کھلاڑی قومی ڈیوٹی کی بجائے غیر ملکی لیگز میں کھیلنے پر زور دے رہے ہیں۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے تینوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے پر بھی روک لگا دی ہے۔