مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لئے بی جے پی کی جانب سے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ فہرست جاری ہونے کے بعد ریاست میں کئی بی جے پی لیڈران ناراض نظر آ رہے ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ نوی ممبئی میں بی جے پی کو زوردار جھٹکا دیتے ہوئے سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی سندیپ نائک منگل کو شرد پوار کی پارٹی این سی پی-ایس پی میں شامل ہو گئے۔ ملی جانکاری کے مطابق بیلاپور اسمبلی سیٹ سے انھیں ٹکٹ نہیں دیا گیا جس سے وہ ناراض تھے۔
- بی جے پی نے سندیپ نائک کے والد اور سابق وزیر گنیش نائک کو ایرولی اسمبلی سیٹ سے میدان میں اتارا ہے۔ سندیپ نائک کا نوی ممبئی علاقہ میں میں سالوں سے کافی اثر و رسوخ رہا ہے۔ ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق سندیپ نائک کو بیلاپور سے انتخاب لڑائے جانے کی امید تھی، لیکن بی جے پی نے اس سیٹ سے موجودہ رکن اسمبلی مندا مہاترے پر دوبارہ بھروسہ کرتے ہوئے پھر سے ٹکٹ دے دیا۔ اس وجہ سے سندیپ نائک نے ناراض ہو کر پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ لے لیا۔