نئی دہلی :بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے 111 امیدواروں کی پانچویں فہرست جاری کی۔ بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ وہ منڈی سے الیکشن لڑیں گی۔ سیتا سورین کو دمکا سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ سیتا سورین جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی بھابھی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔بی جے پی نے سیریل رامائن میں رام کا کردار ادا کرنے والے ارون گوول کو اتر پردیش کے میرٹھ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے نوین جندل کو بھی کروکشیتر سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ روی شنکر پرساد کو پٹنہ صاحب سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ مرکزی وزیر گری راج سنگھ بیگوسرائے سے الیکشن لڑیں گے۔
چھیدی پاسوان کو بھی ساسارام سے ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے، ان کی جگہ شیویش رام امیدوار ہوں گے۔ مظفر پور سے اجے نشاد کا ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔ وویک ٹھاکر کو نوادہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ یہ سیٹ ایل جے پی کے کھاتے میں تھی۔ اس کے علاوہ باقی تمام پرانے چہرے دہرائے گئے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ بی جے پی بہار میں لوک سبھا کی 17 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی اور ان تمام سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی نے راجمندری سے ڈی پنڈیشوری، مظفر پور سے راج بھوشن نشاد اور پاٹلی پترا سے رام کرپال یادو کو ٹکٹ دیا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت اشونی چوبے کا بکسر سے ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔ متھیلیش تیواری کو بکسر سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
امیدواروں کی پانچویں فہرست میں بی جے پی نے آندھرا پردیش سے 6، بہار سے 17، گوا سے 1، گجرات سے 6، ہریانہ سے 4، ہماچل پردیش سے 2، جھارکھنڈ سے 3، کرناٹک سے 4، کیرالہ سے 4امیدواروں کو شامل کیا ہے۔ مہاراشٹر سے، میزورم سے 3۔ اڈیشہ میں لوک سبھا کی 1، راجستھان میں 7، سکم میں 1، تلنگانہ میں 2، اتر پردیش میں 13 اور مغربی بنگال میں 19 کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے۔بی جے پی نے وی کے سنگھ کی جگہ غازی آباد سے مقامی ایم ایل اے اتل گرگ کو ٹکٹ دیا ہے۔ پیلی بھیت سے موجودہ ایم پی ورون گاندھی کا ٹکٹ کاٹنے کے بعد ان کی جگہ ریاستی حکومت کے وزیر جتن پرساد کو امیدوار بنایا گیا ہے، جب کہ ان کی والدہ مینکا گاندھی کو سلطان پور سے دوبارہ ٹکٹ دیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کو اڈیشہ کے سمبل پور سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ سمبت پاترا کو پوری سے ٹکٹ ملا ہے۔ بہار سے تعلق رکھنے والے دیگر مرکزی وزراء نتیانند رائے اجیار پور سے، آر کے سنگھ اررہ سے، رام کرپال یادو پاٹلی پترا سے الیکشن لڑیں گے۔سشیل کمار سنگھ کو اورنگ آباد سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ راجیہ سبھا کے رکن وویک ٹھاکر کو نوادہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ سابق مرکزی وزیر رادھا موہن سنگھ مشرقی چمپارن سے جبکہ سنجے جیسوال ایک بار پھر مغربی چمپارن سے الیکشن لڑیں گے۔بی جے پی نے سابق کانگریس صدر راہل گاندھی کے خلاف کیرالہ یونٹ کے سابق صدر کے سریندرن کو وائناڈ سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔