چین کے گوانگڈونگ علاقہ کے ایک کنڈر گارٹن اسکول میں پیر کے روز دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس میں 6 لوگوں کی موت ہو گئی۔ بچوں کے اسکول میں شدید چاقو بازی کے واقعہ میں تین بچوں، دو والدین اور ایک ٹیچر کی موت ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ واقعہ صبح تقریباً 7.40 بجے پیش آیا۔ 25 سالہ ایک شخص کو اس حادثہ کے لیے لیان جیانگ شہر سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حالانکہ پولیس نے ابھی تک متاثرین کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ انھوں نے اس حادثہ کو ’قصداً کیا گیا حملہ‘ قرار دیا ہے۔
کنڈرگارٹن کے پاس کام کرنے والے ایک اسٹور مالک نے بی بی سی کو بتایا کہ آس پاس کے علاقے کو پولیس کے ذریعہ سیل کر دیا گیا ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ہوئے اس حادثہ سے پہلے بھی ملک میں چاقو بازی کے کئی واقعات پیش آئے ہیں جن میں سے کئی واقعات اسکول میں سرزد ہوئے۔
اگست 2022 میں ایک چاقو بردار حملہ آور نے جیانگشی علاقہ میں ایک کنڈرگارٹن پر حملہ کیا تھا جس میں تین لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور چھ دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اپریل 2021 میں گوانگشی جوانگ خود مختار علاقہ کے بیلیو شہر میں اجتماعی چاقو بازی کے دوران دو بچوں کی موت ہو گئی تھی جب کہ 16 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں اکتوبر 2018 میں چونگ کنگ کے ایک کنڈرگارٹن میں چاقو سے کیے گئے حملے میں 14 بچے زخمی ہوئے تھے۔