نئی دہلی: نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق دہلی پولیس نے ایک نابالغ پہلوان کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کو کلین چٹ دے دی ہے۔ دہلی پولیس نے جمعرات 15 جون کو برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف 7 پہلوانوں کی طرف سے لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات پر دو عدالتوں میں چارج شیٹ داخل کی۔ 6 بالغ خواتین پہلوانوں کی شکایت پر درج ایف آئی آر میں راؤس ایونیو کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔ جبکہ دوسری چارج شیٹ نابالغ پہلوان کی شکایت پر درج ایف آئی آر میں پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں داخل کی گئی۔ دہلی پولیس نے برج بھوشن کو نابالغ پہلوان کی طرف سے لگائے گئے الزامات میں کلین چٹ دے دی ہے۔
دراصل 21 اپریل کو 7 خواتین پہلوانوں نے برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دہلی پولیس میں جنسی ہراسانی کی شکایت کی تھی۔ اس معاملے میں دہلی پولیس نے برج بھوشن کے خلاف 28 اپریل کو دو کیس درج کیے تھے۔ پہلا کیس 6 بالغ خواتین پہلوانوں کی شکایت پر تھا۔ جبکہ ایک نابالغ کی شکایت پر پوکسو ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا۔
نابالغ نے پہلے کیا الزامات لگائے اور بعد میں کیا کہا؟
برج بھوشن کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کرنے والی نابالغ خاتون پہلوان نے اپنا بیان بدل دیا تھا۔
پہلے اپنے بیان میں جہاں نابالغ خاتون پہلوان نے برج بھوشن پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا، وہیں بعد میں اس نے اپنا بیان بدلتے ہوئے ریسلنگ ایسوسی ایشن کے سابق صدر پر امتیازی سلوک کا الزام لگایا ہے۔
مجسٹریٹ کے سامنے دیے گئے اپنے پہلے بیان میں نابالغ نے جنسی استحصال کے بارے میں بات کی تھی۔ دوسرے بیان میں نابالغ نے جنسی زیادتی کا الزام واپس لیتے ہوئے کہا کہ مجھے سلیکٹ نہیں کیا گیا، میں نے بہت محنت کی تھی، میں ڈپریشن میں تھی، اس لیے غصے میں میں نے جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کرایا۔
6 بالغ خاتون پہلوان نے اپنی شکایت میں کیا الزامات لگائے؟
پہلی شکایت- ہوٹل ریسٹورنٹ میں رات کے کھانے کے دوران مجھے اپنی میز پر بلایا، مجھے چھوا، سینے سے پیٹ تک چھوا۔ میری اجازت کے بغیر ریسلنگ فیڈریشن کے دفتر میں میرے گھٹنوں، کندھوں اور ہتھیلیوں کو چھوا گیا۔ میرے سانس لینے کے انداز کو سمجھنے کے بہانے سینے سے پیٹ تک چھوا۔
دوسری شکایت- جب میں چٹائی پر لیٹی تھی تو ملزم (برج بھوشن سنگھ) میرے پاس آیا، میرا کوچ وہاں نہیں تھا، میری اجازت کے بغیر میری ٹی شرٹ کھینچی، میرے سینے پر ہاتھ رکھ کر میری سانس چیک کرنے کے بہانے میرے پیٹ تک چھوا۔میں فیڈریشن کے دفتر میں اپنے بھائی کے ساتھ تھی، مجھے بلایا گیا اور میرے بھائی کو رکنے کو کہا گیا، پھر مجھے زبردستی کھینچنے کی کوشش کی۔
تیسری شکایت- اس نے مجھے اپنے والدین سے فون پر بات کرنے کو کہا کیونکہ اس وقت میرے پاس موبائل فون نہیں تھا۔ ملزم (سنگھ) نے مجھے اپنے بیڈ کی طرف بلایا جہاں وہ بیٹھا تھا اور پھر اچانک میری اجازت کے بغیر مجھے گلے لگا لیا۔ اپنی جنسی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے، اس نے مجھے سپلیمنٹ خریدنے کی پیشکش کر کے مجھے رشوت دینے کی بھی کوشش کی۔
چوتھی شکایت – برج بھوشن سنگھ نے مجھے بلایا اور میری ٹی شرٹ کھینچی اور اپنا ہاتھ میرے پیٹ کے نیچے کھسکایا ۔ اس نے میری سانس چیک کرنے کے بہانے میری ناف پر ہاتھ رکھا۔
پانچوی شکایت- میں لائن کے پیچھے تھی، پھر غلط طریقے سے چھوا، جب میں نے ہٹنے کی کوشش کی تو میرا کندھا پکڑ لیا۔
چھٹی شکایت- تصویر کے بہانے کندھے پر ہاتھ رکھا، میں نے احتجاج کیا۔
پہلوانوں نے 15 جون تک احتجاج منسوخ کر دیا تھا
ونیش پھوگاٹ، ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا کی قیادت میں تمام پہلوانوں نے ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف محاذ کھولا ہو ا تھا۔پہلوان جنسی ہراسانی کے معاملے میں برج بھوشن شرن کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ حال ہی میں پہلوانوں نے وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران وزارت کھیل کی طرف سے ملنے والی یقین دہانی کے بعد پہلوانوں نے 15 جون تک اپنا احتجاج منسوخ کر دیا تھا۔
وزیر کھیل کی طرف سے پہلوانوں کو یقین دلایا گیا کہ سنگھ کے خلاف 15 جون تک چارج شیٹ داخل کر دی جائے گی اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے انتخابات جون کے آخر تک کرائے جائیں گے۔ تاہم ریسلنگ ایسوسی ایشن کے انتخابات کے لیے 6 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔