نئی دہلی :دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روز میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اور دیگر عآپ لیڈران 19 مئی یعنی اتوار کے روز بی جے پی ہیڈکوارٹر جائیں گے تاکہ وزیر اعظم جسے چاہیں اسے جیل بھیج سکیں۔ انھوں نے پارٹی کی رکن پارلیمنٹ سواتی مالیوال پر مبینہ حملے کے سلسلے میں اپنے معاون بیبھو کمار کی گرفتاری کے کچھ گھنٹوں بعد ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ بی جے پی کہہ رہی ہے کہ وہ عآپ رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا اور دہلی کے وزراء سوربھ بھاردواج اور آتشی کو بھی جیل بھیجیں گے۔
عآپ کے قومی کنوینر کیجریوال کا کہنا ہے کہ ان کے لیڈروں کو جیل بھیج کر ان کی پارٹی کو کچلا نہیں جا سکتا۔ پی ایم مودی پر منیش سسودیا، ستیندر جین اور سنجے سنگھ جیسے عآپ لیڈران کو جیل بھیجنے کا ’کھیل‘ کھیلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ ’’میں اپنے اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ کل دوپہر بی جے پی ہیڈکوارٹر جاؤں گا تاکہ وزیر اعظم جسے چاہیں جیل بھیج سکیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’عآپ ایک سوچ ہے۔ آپ جتنے عآپ لیڈران کو جیل میں ڈالیں گے، ملک ان سے 100 گنا زیادہ لیڈر پیدا کرے گا۔