بھوپال :مدھیہ پردیش کے اجین میں گزشتہ سال غیر قانونی طریقے سے توڑے گئے مکان پر ہائی کورٹ نے افسران کو سخت پھٹکار لگائی ہے اور متاثرہ کو 2 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے مکان توڑنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی دی ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق میونسپل کارپوریشن افسران نے سال بھر پہلے ایک مجرم کی بیوی کے نام پر رجسٹر گھر کو غلط طریقے سے منہدم کر دیا تھا۔ اسی معاملے میں ہائی کورٹ میں سماعت چل رہی تھی اور آج فیصلہ سنایا گیا۔
یہ معاملہ جنوری 2023 کا ہے جب پولیس نے جرائم پیشوں کے خلاف کارروائی کرنے کے مقصد سے مونٹو گوجر کی بیوی رادھا لانگری کے نام پر ساندیپنی نگر میں موجود ایک مکان کو پوری طرح تباہ کر دیا تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ پوری طرح زمین دوز اس مکان پر کارروائی سے پہلے مونٹو گوجر کے کنبہ کو یہ بھی نہیں بتایا گیا تھا کہ مکان میں آخر غیر قانونی قبضہ کتنا ہے۔ شام کے وقت گھر پر نوٹس چسپاں کر دیا گیا اور دوسرے ہی دن مکان کو منہدم کر دیا گیا۔