نئی دہلی: آج پھر مرکزی حکومت نے تین اہم شخصیات کو بھارت رتن دینے کا اعلان کیا۔ سابق وزرائے اعظم نرسمہا راؤ، چودھری چرن سنگھ اور سائنسدان ایم ایس سوامی ناتھن کو بھارت رتن سے نوازاجائیگا۔مرکزی حکومت کی جانب سے اس سے قبل بہار کے سابق وزیر اعلیٰ کرپوری ٹھاکر اور سابق نائب وزیرا عظم ایل کے اڈوانی کو بھی بھارت رتن دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔پی ایم مودی نے سوشل میڈیا ایکس کے ذریعے اس کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا، ’’ہماری حکومت کی خوش قسمتی ہے کہ ملک کے سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ جی کو بھارت رتن سے نوازا جا رہا ہے۔ یہ اعزاز ملک کے لیے ان کی بے مثال خدمات کے لیے وقف ہے، انہوں نے اپنی پوری زندگی کسانوں کے حقوق کے لیے صرف کر دی تھی۔ انہوں نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ، ملک کے وزیر داخلہ یا پھر ایک ایم ایل اے کے طور پر ہمیشہ ملک کی تعمیر کو تحریک دی۔سابق وزیر اعظم نرسمہا راؤ کو بھارت رتن سے نوازنے کا اعلان کرتے ہوئے پی ایم مودی نے لکھا، یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ گارو کو بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔ ایک ممتاز عالم اور سیاست دان کے طور پر نرسمہا راؤ نے مختلف صلاحیتوں میں ہندوستان کی خدمت کی۔ انہیں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ، مرکزی وزیر اور کئی سالوں تک ممبر پارلیمنٹ و اسمبلی کے طور پر خدمات انجام دیں اور ان کے کام کے لئے انہیں ہمیشہ یاد کیا جاتا ہے۔سوامی ناتھن کو بھارت رتن سے نوازنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لکھا، ’’یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ حکومت ہند ڈاکٹر ایم ایس سوامیناتھن کو ہمارے ملک میں زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود میں ان کی نمایاں خدمات کے لیے بھارت رتن سے نواز رہی ہے۔ انہوں نے مشکل وقت کے دوران زراعت میں خود انحصاری حاصل کرنے میں ہندوستان کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔