نئی دہلی: بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی کو ہندوستان کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ’’مجھے یہ اطلاع دینے میں خوشی ہو رہی ہے کہ لال کرشن اڈوانی جی کو بھارت رتن سے سرفراز کیا جائے گا۔ میں نے ان سے بات کی ہے اور نہیں اعزاز دئے جانے پر مبارک باد پیش کی۔‘وزیر اعظم مودی نے مزید کہا، ’’(ایل کے اڈوانی) ہمارے وقت کے سب سے قابل احترام سیاستدانوں میں سے ایک ہیں اور ہندوستان کی ترقی میں ان کا تعاون ناقابل فراموش ہے۔ ان کی زندگی زمینی سطح پر کام کرنے سے شروع ہو کر ہمارے نائب وزیر اعظم کے طور پر ملک کی خدمت کرنے تک محیط ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ اور اطلاعات و نشریات کے وزیر کے طور پر اپنی شناخت قائم کی۔ پارلیمنٹ میں ان کی کارگزاری ہمیشہ قابل ستائش اور خوشحالی کے نظریہ سے پر رہی ہے۔
لال کرشن اڈوانی نے ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر رام مندر تعمیر کرنے کی تحریک میں اہم تعاون دیا تھا اور ملک گیر رتھ یاترا کی تھی، جس کے بعد اس تحریک کو مزید تقویت حاصل ہوئی تھی۔ میڈیا رپورٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ مودی حکومت نے لال کرشن اڈوانی کو اسی کے عوض اس تحفہ سے نوازا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی مودی حکومت بہار کے سابق وزیر اعلیٰ کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن دینے کا اعلان کر چکی ہے۔