نئی دہلی: کانگریس کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب اس کے دہلی یونٹ کے صدر اروندرسنگھ لولی نے پارٹی کے صدرکے عہدےسے استعفیٰ دے دیاہے۔ دہلی میں پولنگ 25مئی کو ہوگی۔ پارٹی صدر ملیکارجن کھرگے کے نام 4 صفحات کے مکتوب میں اروندرسنگھ لولی نے کانگریس جنرل سکریٹری کے کام کرنے کے طریقہ پر ناراضگی ظاہرکی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کانگریس کے سینئر قائدین کے سارے متفقہ فیصلوں کو اے آئی سی سی جنرل سکریٹری (انچارج دہلی) نے یکطرفہ ویٹوکردیا۔
صدردہلی پردیش کانگریس بننے کے بعد سے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری نے مجھے ڈی پی سی سی میں ایک بھی سینئر عہدیدار کا تقرر کرنے نہیں دیا۔قومی دارالحکومت میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ کانگریس کے اتحاد پر اپنی ناراضگی ظاہرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی کانگریس یونٹ اس اتحاد کے خلاف تھا۔ لولی نے دہلی میں لوک سبھا کی نشستوں کیلئے پارٹی امیدواروں کے انتخاب پر بھی عدم اطمینان کا اظہارکیا۔پارٹی نے دہلی کے 3حلقوں سے جئے پرکاش اگروال‘ ادئے راج اور کنہیا کمار کو میدان میں اتارا۔ تینوں میں اگروال کو کئی الیکشن کا تجربہ ہے۔ وہ سابق میں 3مرتبہ چاندنی چوک حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔