نئی دہلی :آج ملک کے 46 مقامات پرمنعقدروزگار میلے سے وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کیااور ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو تقرری نامے دئے۔ اس موقع پرپی ایم مودی نے کہا کہ ’’ہم نے حکومت ہند میں بھرتی کے عمل کو اب پوری طرح سے شفاف بنا دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، حکومت کا بہت زور ہے کہ بھرتی کا عمل ایک طے وقت کے اندر پورا کر لیا جائے۔ اس سے ہر نوجوان کو اپنی اہلیت ثابت کرنے کا یکساں موقع ملنے لگا ہے۔
ہ وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) کی جانب سے روزگار میلہ میں تقرری نامہ تقسیم کیے جانے کی اطلاع پہلے ہی دے دی گئی تھی۔ جاری بیان کے مطابق روزگار میلہ کے ذریعہ ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں ملیں۔ روزگار میلہ کا انعقاد 12 فروری کو ملک بھر کے 46 مقامات پر کیا گیا۔ اس سے قبل 30 نومبر 2023 کو روزگار میلہ کا انعقاد کیا گیا تھا اور 51 ہزار نوجوانوں کو پی ایم مودی نے تقرری نامے دیے تھے۔
آج روزگار میلہ کے ذریعہ مرکزی حکومت کے مختلف محکموں اور ریاستی حکومت کے محکموں میں نوجوانوں کو روزگار دیا گیا۔ ریونیو محکمہ، وزارت داخلہ، اعلیٰ تعلیم محکمہ، نیوکلیائی توانائی محکمہ، وزارت دفاع، صحت و خاندانی بہبود وزارت، ریلوے وزارت وغیرہ وہ محکمے ہیں جن میں نوجوانوں کو ملازمتیں دی گئی ہیں۔ منتخب نوجوانوں کو ’کرم یوگی‘ کے تحت پہلے تربیت دی جائے گی اور اس کے بعد ان کی تعیناتی ہوگی۔