ممبئی : عید الاضحی کے موقع پر ذبیحہ کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ،گؤ کشی کے نام پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، اگرکسی کو کوئی شبہ ہے تو اس کی شکایت پولیس سے کرے۔عید قرباں کیلئے ممبئی پولیس نے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔وویک پھنسلکر نے بتایا کہ ، عید الاضحی کے پیش نظر پولیس کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں اتنا ہی نہیں حساس علاقوں میں بندوبست میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور پولیس کو الرٹ رہنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔
بقول ممبئی پولیس کمشنر ہمیں یقین ہے کہ عوام پولیس سے تعاون کریں گے عید الاضحی سے متعلق انتظامات کیلئے جوائنٹ پولیس کمشنر نظم ونسق ستیہ نارائین چودھری نے دیونار مذبخ کا دورہ بھی کیا ہے یہاں جانوروں کی نقل و حمل سے متعلق ضروری ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر قربانی کی ویڈیو وائرل کر نے سے گریز کریں انہوں نے کہا کہ آج کل ایک ٹرینڈ ہوگیا ہے کہ لوگ اگر سیاحت پر بھی جاتے ہیں تو دنیا دیکھنے کے بجائے وہ اپنے موبائل میں تصویر کشی ویڈیو گرافی اور منظرکشی میں مصروف ہوتے ہیں جبکہ انہیں سیاحت سے لطف اندوز ہوناچاہئے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے سبب دھمکی آمیز فون کالز سے لیکر افواہ بھی پھیلائی جاتی ہے، یہ ایسے سماج دشمن عناصر ہیں جن کی سماج کے تئیں کوئی ذمہ داری نہیں ہوتی اور ان کے خلاف پولیس بھی سخت کارروائی کرتی ہے۔ممبئی پولیس کمشنر نے انتباہ دیا ہے کہ عید قرباں کے دوران اگر کوئی قانون ہاتھ میں لیتا ہے تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے اگر گؤ کشی سے متعلق کسی کو شبہ ہے یا کوئی مشتبہ نقل و حمل پائی جاتی ہے تو اس کی اطلاع پولیس اسٹیشن کو دے پولیس قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔