اتر پردیش کے مظفر نگر میں دو دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے اتوار کی صبح ایک مکان کی کچی چھت گر گئی۔ اس حادثے میں ماں بیٹی چھت کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئیں۔ جبکہ خاتون کا شوہر شدید زخمی ہے۔ زخمی کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کا علاج چل رہا ہے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مظفر نگر (ایس ڈی ایم صدر) پرمانند جھا نے بتایا کہ اتوار کی صبح تقریباً 3.30 بجے اطلاع ملی کہ نگر کوتوالی علاقے کے نیازی پور گاؤں میں بارش کی وجہ سے ایک مکان کو نقصان پہنچا ہے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور انتظامی افسران نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔
ایس ڈی ایم صدر پرمانند جھا نے بتایا کہ کویتا (26) اور اس کی بیٹی مانسی (6) مکان کی کچی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جب کہ زخمی مرد اکشے (28) کو اسپتال لے جایا گیا۔ علاج کے لیے اس کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ شمالی ہندوستان میں مسلسل کئی دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ راجدھانی دہلی میں بارش نے 41 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے پوری دہلی پانی میں ڈوب گئی ہے۔ کئی سڑکیں کئی میٹر تک پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ وہیں اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں کئی دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ دہلی سے متصل مغربی اتر پردیش میں مسلسل موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔