نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 49 سیٹوں اور اڈیشہ اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے لیے 35 سیٹوں کے لیے انتخابی مہم آج شام چھ بجے ختم ہو گئی۔ان سیٹوں پر ووٹنگ پیر کے روز ہوگی۔اس مرحلے میں 49 لوک سبھا سیٹوں پر 695 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔
اس کے ساتھ ہی اڈیشہ اسمبلی کی کل 147 سیٹوں میں سے 35 سیٹوں پر دوسرے مرحلے کے لیے اسی دن ووٹنگ ہوگی۔ ان نشستوں کے لیے کل 265 امیدوار میدان میں ہیں۔ ریاستی اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 13 مئی کو 28 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے کے لیے 49 نشستوں کے لیے کل 1586 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کیے جس کے بعد کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد 749 امیدوار رہ گئے اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کے بعد 695 امیدوار انتخابی میدان میں رہ گئے۔اس مرحلے کے اہم امیدواروں میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے چراغ پاسوان، مرکزی وزیر پیوش گوئل، سادھوی نرنجن جیوتی، کوشل کشور، ڈاکٹر پروین بھارتی پوار، شانتنو ٹھاکر، کپل پاٹل، اناپورنا دیوی، بی جے پی لیڈر راجیو پرتاپ روڈی، راشٹریہ جنتا دل کی روہنی آچاریہ شامل ہیں۔
کل سات مرحلوں کے اس انتخابات میں ووٹنگ کے پانچویں مرحلے کے ساتھ ہی آندھرا پردیش اور تلنگانہ سمیت 18 ریاستوں اور چار مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی تمام لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ کرانے کا کام مکمل ہو جائے گا۔ انتخابی نتائج 4 جون کو آئیں گے۔الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے پانچویں مرحلے کے لیے مکمل تیاریاں کر لی ہیں اور ووٹرز کی شرکت بڑھانے کے لیے ووٹر سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔