دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے ہفتہ کو ٹیرر فنڈنگ کے ملزم ایم پی انجینئر رشید کی عبوری ضمانت کی مدت کو 15 اکتوبر تک بڑھا دیا ہے۔ اس سے قبل انہیں 2 اکتوبر تک عبوری ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، لیکن یکم اکتوبر کو ضمانت کی مدت کو 10 دن کے لیے بڑھایا گیا تھا۔
عوامی اتحاد پارٹی کے چیئرمین اور بارہ مولہ کے ایم پی انجینئر رشید کی عبوری ضمانت کو عدالت نے تین دن کے لیے اور بڑھا دیا ہے جس کے بعد ان کو 15 اکتوبر کو متعلقہ حکام کے سامنے خود سپردگی کرکے جیل لوٹنا ہوگا۔ قومی جانچ ایجنسی نے 2019 میں انجینئر رشید کو ٹیرر فنڈنگ کے معاملے میں گرفتار کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ تہاڑ جیل میں بند تھے۔
انجینئر رشید نے اس سال لوک سبھا انتخاب کے دوران تشہیری مہم کے لیے عدالت سے مکمل ضمانت یا پھر عبوری ضمانت کی درخواست کی تھی جو منظور نہیں ہوئی تھی۔ ان کی انتخابی تشہیر ان کے بیٹوں اور حامیوں نے کی تھی جس کی مدد سے وہ لوک سبھا انتخاب جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔