حیدر آباد : ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں سنسنی کا تیسرا ڈوز دیکھنے کو ملا۔ ہندوستانی ٹیم نے کھیل کے پہلے دو دنوں میں اپنی گرفت برقرار رکھی تھی۔ لیکن تیسرے دن میچ پھسلتا ہوا دکھائی دیا، جب انگلش بلے باز اولی پوپ نے 196 رنز کی بڑی اننگز کھیل دی۔ جس کے بعد ساری ذمہ داری بلے بازوں کے کندھوں پر آ گئی۔ لیکن چوتھے دن ہندوستان کے بلے بازوں نے توقعات پر پانی پھیر دیا اور ٹیم انگلینڈ کے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی کے سامنے پتوں کی طرح بکھرتی نظر آئی۔
میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی شاندار گیندبازی کی وجہ سے انگلینڈ کی ٹیم صرف 246 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جواب میں ہندوستان نے یشسوی جیسوال، رویندر جڈیجہ اور کے ایل راہل کی 3 نصف سنچریوں کی اننگز دیکھی۔ جس کی وجہ سے ٹیم انڈیا نے پہلی اننگز میں 436 رنز بنائے اور 190 رنز کی برتری حاصل کی۔ تیسرے روز انگلش ٹیم ہوم ورک کرنے کے بعد میدان میں اتری اور بلے بازی کا شاندار آغاز کیا۔ اولی پوپ ون مین آرمی ثابت ہوئے، انہوں نے اپنے پاوں جمائے اور 196 رنز کی بڑی اننگز کھیلی۔ اس بڑی اننگز کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم کا اسکور 420 رنز تک پہنچا۔ جس کے بعد ہندوستان کو جیت کے لیے 231 رنز درکار تھے۔