پٹنہ (ت ن س)پٹنہ میں 23 جون کو اپوزیشن جماعتوں کی ہونے والی اہم میٹنگ کے بعد نتیش کابینہ کی توسیع کی جائے گی۔ اس میں کانگریس سے دو اور وزیر بنائے جائیں گے۔ یہ جانکاری کانگریس کے ریاستی صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے اتوارکونامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے دی ۔ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ ایم ایل اے کی تعداد کے حساب سے انہیں مزید دو وزارتی عہدوں کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس کے دو وزیر پہلے ہی نتیش کابینہ میں شامل ہیں۔ بہار میں کانگریس کے اراکین اسمبلی کی تعداد 19 ہے۔کانگریس کاشروع سے مطالبہ رہاہے کہ اسے کابینہ میں ممبران کی تعداد کے تناسب سے نمائندگی دی جائے۔اگر 23جون کی نشست کے بعد کابینہ میں توسیع ہوتی ہے تو حال کے دنوں میں ریاستی کابینہ میں یہ دوسری توسیع ہوگی۔ اس سے قبل ریاستی کابینہ میں 16جون کو توسیع کی گئی تھی۔ جنتادَل یو کے رکن اسمبلی رتنیش سداکو کابینہ میں شامل کیاگیاتھا۔ عظیم اتحاد سے ہندوستانی عوام مورچہ کے الگ ہونے کے بعد سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی کے صاحبزادے سنتوش کمارسمن نے ریاستی کابینہ سے استعفیٰ دے دیاتھا۔ ان کی جگہ پر رتنیش سداکو کابینہ میں شامل کیاگیاتھا۔