پٹنہ : بہار اور نیپال میں بارش کے بعد ریاست کی ندیوں میں سیلاب آگیا ہے۔ اس کی وجہ سے ریاست کے کئی اضلاع کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا پانی داخل ہونے لگا ہے۔ محکمہ آبی وسائل کے اہلکار الرٹ موڈ پر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی باندھوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
محکمہ آبی وسائل کے مطابق ریاست میں بعض مقامات پر گنڈک اور کوسی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ جمعرات (4 جولائی) کی دوپہر 2 بجے ویر پور براج پر کوسی ندی میں پانی کا اخراج 1,08,600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح والمیکی نگر براج پر گنڈک کا پانی کا اخراج دوپہر 2 بجے 88,300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اندر پوری براج پر سون ندی کے پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ یہاں دریائے سون میں پانی کا بہاؤ صبح 10 بجے 4,094 کیوسک تھا جو دوپہر 2 بجے بڑھ کر 5,564 کیوسک ہوگیا۔دریں اثنا گنڈک ندی گوپال گنج کے ڈومریا گھاٹ پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جبکہ کوسی ندی کھگڑیا کے بلتارا میں سرخ نشان سے اوپر ہے۔ ارریہ میں بکرا اور پرمان ندیوں میں طغیانی کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ چھوٹی ندیوں کے پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کئی مقامات پر ندی کا پانی نشیبی علاقوں میں پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔