کرائسٹ چرچ: پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے دورہ پر آخر کار پہلی کامیابی مل گئی۔ 5 میچوں کی ٹی ٹوینٹی سیریز کے آخری میچ میں ٹیم نے خطرناک گیند بازی کی بدولت میزبان ٹیم کو سستے میں آوٹ کردیا ۔ پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 134 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 17.2 اوورز میں 92 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ لگاتار چار ابتدائی میچ جیتنے والی میزبان ٹیم نے سیریز 4-1 سے اپنے نام کر لی۔
پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گئی 5 میچوں کی سیریز میں بالآخر جیت اپنے نام کر لی۔ پہلے 4 میچ ہارنے کے بعد کلین سویپ سے بچنے کی کوشش کرنے اتری ٹیم نے آخری میچ میں 42 رنز کی بڑی جیت حاصل کی۔ پاکستانی کپتان شاہین آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے سامنے صرف 134 رنز کا ہدف رکھا تھا۔ محمد رضوان نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے جبکہ فخر زمان نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ سابق کپتان بابر اعظم نے 13 رنز بنائے جبکہ شاہد زادہ فرحان نے 19 رنز بنائے۔ آخر میں عباس آفریدی کے 14 رنز کی بدولت ٹیم 134 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔