بیتیا: بہار کے مغربی چمپارن ضلع کے مٹیاریا تھانہ علاقے میں بد معاشوں نے ایک سرکاری اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو گولی مار کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اسٹیٹ پرائمری اسکول حاجی ٹولہ اردو کے ہیڈ ماسٹر لال بابو سنگھ کی جمعرات (18 جنوری) دیر شام تقریباً 9 بجے بد معاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔بتایا جاتا ہے کہ مقتول لال بابو سنگھ اپنے گاؤں لچھنوتا میں واقع اپنی دوا کی دوکان پر بیٹھے تھے کہ تبھی بدمعاشوں نے انہیں گولی مار دی۔ گولی چلنے کی آواز سن کر وہاں لوگ جمع ہو گئے اور لال بابو کو مقامی اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
اطلاع ملتے ہی مٹیاریا پولیس موقع واردات پر پہنچ گئی اور معاملے کی چھان بین میں جٹ گئی۔ مغربی چمپارن کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امرکیش ڈی نے بتایا کہ پولیس اس معاملے کی جانچ پڑتال میں جٹی ہوئی ہے، واردات کے پیچھے کی وجہ پہلے کا کوئی تنازعہ قرار دیا جا رہاہے۔