نئی دہلی :دہلی-این سی آر سمیت اترپردیش، بہار، مدھیہ پردیش سے لے کر مہاراشٹر تک زبردست بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور گجرات میں 20 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اتراکھنڈ، مشرقی راجستھان، چھتیس گڑھ، بہار، جھارکھنڈ، سوراشٹر اور کچھ، کونکن اور گوا، سرحدی کرناٹک میں بھی زبردست بارش ہونے کی پیشین گوئی ہے۔ اترپردیش، مغربی راجستھان، ودربھ، ہمالیائی مغربی بنگال، سکم، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، آسام میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، مراٹھواڑہ، کیرل میں 7 سینٹی میٹر یا اس سے زیادہ بارش ہونے کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
راجدھانی دہلی میں بھی بادل چھائے رہنے کے ساتھ کچھ علاقوں میں گرج کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ یہاں کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری اور کم سے کم 26 ڈگری ہونے کا امکان ہے۔ نوئیڈا اور غازی آباد میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔ چونکہ دہلی-این سی آر میں بارش کے سبب پہلے ہی جگہ جگہ آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے، اس لیے حالات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اترپردیش، راجستھان، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، کیرل، کرناٹک، مہاراشٹر اور شمال مشرقی ہند کے لیے آئی ایم ڈی نے یلو الرٹ جبکہ مدھیہ پردیش میں زیادہ بارش کے مدنظر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، گجرات کے کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان ریاستوں میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے سے پہلے پوری طرح اپنے تحفظ پر توجہ دیں۔