نئی دہلی : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو جموں و کشمیر کے موجودہ حالات پر ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی تجزیاتی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں وزیر داخلہ نے سیکورٹی گرڈ کے کام اور سیکورٹی سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ مانا جا رہا ہے کہ وزیر داخلہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حالیہ حملوں کے پیش نظر جموں و کشمیر میں سیکورٹی کا جائزہ لے رہے ہیں۔میٹنگ میں، امت شاہ نے جموں اور کشمیر میں تعینات پولیس، فوج اور سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کے درمیان بہتر تال میل پر بھی توجہ مرکوز کی۔ وزیر داخلہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں مقامی انٹلی جنس کو فروغ دینے اور مضبوط طریقہ اپنا نے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور چیف سکریٹری اتل ڈلو، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈی جی دنکر گپتا، سنٹرل ریزرو پولیس فورس اور بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرلز اور وزارت داخلہ اور جموں و کشمیر کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ . قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا، انٹلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا اور آرمی چیف جنرل منوج پانڈے بھی میٹنگ میں موجود تھے۔