ابوظہبی :کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے پہلے دن وزیر موصوف نے ابوظہبی کی سرمایہ کاری سے متعلق اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر شیخ حامد بن زائدالنہیان کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق بھارت متحدہ عرب امارات کے درمیان اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس کی گیارہویں میٹنگ کی مشترکہ صدارت کی۔ یہ ٹاسک فورس بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے 2013 میں قائم کی گئی تھی۔
دونوں لیڈروں نے متحدہ عرب امارات میں گھریلو کارڈ اسکیم کے نفاذ کیلئے بھارت کے نیشنل پیمنٹس کارپوریشن اور متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک کے ایک ذیلی ادارے الاتحاد پیمنٹس کے درمیان کلیدی شراکت داری سمجھوتے پر بھی دستخط کیے۔ سمجھوتے کے مطابق این سی پی آئی اوراے ای پی بھارت کےروپے کارڈ پر مبنی یو اے ای کی اندرون ملک ادائیگی سے متعلق کارڈ اسکیم کے آغاز اور اسے تیار کرنے کیلئے اہمیت کی حامل شراکت داری کے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب گوئل نے بھارت اور یو اے ای کے درمیان دستخط کیے گئے سمجھوتے کے بارے میں وضاحت کی۔ کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر نے کہاکہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کا مقصد باہمی تجارت میں اضافہ کرنا ہے اور اِسے 100 ارب ڈالر تک لے جانا ہے۔