ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی-20 میچوں کی سیریز کا آج دوسرا میچ دہلی میں کھیلا گیا جس میں رنکو سنگھ اور نتیش ریڈی کا زبردست طوفان دیکھنے کو ملا۔ پہلے ٹی-20 میچ میں جیتنے والی ہندوستانی ٹیم نے دوسرے میچ کو جیت کر اس سیریز پر قبضہ کر لیا ہے، اور اب آخری ٹی-20 میچ 12 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جب ہندوستان کی نظر بنگلہ دیش کا مکمل صفایا کرنے پر ہوگی۔ہندوستانی ٹیم نے آج پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 221 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 135 رن ہی بنا سکی۔ اس طرح ہندوستان نے یہ میچ 86 رنوں کے بڑے فرق سے جیت لیا۔
جب بنگلہ دیش کی بلے بازی شروع ہوئی تو دباؤ میں پوری ٹیم بکھر سی گئی۔ ہندوستانی ٹیم کو پہلی کامیابی عرشدیپ سنگھ نے دلائی۔ انھوں نے ایمان کو بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد واشنگٹن سندر نے کپتان نجم الحسن شانتو کو پویلین بھیج دیا۔ ورون چکرورتی نے کمال کی گیندبازی کی جنھوں نے 4 اوورس میں محض 19 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ ابھشیک شرمنا، مینک یادو اور ریان پراگ کو بھی 1-1 وکٹ ملے۔ نتیش ریڈی کے حصے میں 2 وکٹ آئے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے محمود اللہ (39 گیندوں پر 41 رن) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک میدان پر ٹک نہیں سکا۔ لٹن داس، شانتو، مہدی حسن کو شروعات تو ملی لیکن وہ اسے بڑی اننگ میں تبدیل نہیں کر سکے۔