نئی دہلی :انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز اور یو ایس اے میں کھیلے جانے والے ٹی-20 عالمی کپ 2024 کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ گروپ ’اے‘ میں ہندوستان کا مقابلہ پاکستان، امریکہ، کناڈا اور آئرلینڈ سے رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ یو ایس اے اور کناڈا کے درمیان یکم جون کو کھیلا جائے گا۔جاری شیڈول کے مطابق ٹی-20 عالمی کپ 2024 کے دوران مجموعی طور پر 55 میچ کھیلے جائیں گے۔ ویسٹ انڈیز اور یو ایس اے کے 9 میدانوں میں یہ مقابلے ہوں گے جن میں تین امریکی شہر نیویارک سٹی، ڈلاس اور میامی ان عالمی کپ میچوں کی میزبانی کریں گے۔ ہندوستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے۔ ہندوستانی ٹیم کا پاکستان سے مقابلہ 9 جون کو، یو ایس اے سے مقابلہ 12 جون کو اور کناڈا سے مقابلہ 15 جون کو ہوگا۔
ٹی-20 عالمی کپ کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے ویسٹ انڈیز میں کھیلے جائیں گے۔ 26 جون کو پہلا سیمی فائنل میچ گیانا میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 27 جون کو ترینداد میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا خطابی مقابلہ یعنی فائنل میچ 29 جون کو بارباڈوس میں ہوگا۔ جاری شیڈول کے مطابق یکم جون سے 18 جون تک لیگ اسٹیج کے میچ ختم ہو جائیں گے۔ سپر-8 کے میچ 19 سے 24 جون تک کھیلے جائیں گے۔