تل ابیب: اسرائیل کے مارگیلیوٹ کے قریب اینٹی ٹینک میزائل حملے میں ایک ہندوستانی کی موت کے بعد ہندوستانی سفارت خانے نے منگل (5 مارچ 2024) کو انتباہ جاری کرتے ہوئے ہندوستانیوں کو اسرائیل کی سرحد چھوڑ کر محفوظ مقامات پر جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔اسرائیل میں ہندوستانی سفارت خانے نے اس حوالہ سے رہنما ہدایات جاری کی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر اسرائیل میں تمام ہندوستانی شہریوں، خاص طور پر جو لوگ کام کر رہے ہیں یا شمالی اور جنوبی سرحدی علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں، انہیں ملک کے اندر محفوظ علاقوں میں منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔سفارت خانے کا مزید کہنا تھا، ’’ہم بھارتیوں کی حفاظت کے حوالے سے اسرائیلی حکام سے رابطے میں ہیں۔ آپ کسی بھی وقت ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر 97235226748 پر کال کر سکتے ہیں اور [email protected] پر ای میل کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ سفارت خانے نے ہندوستانیوں سے کہا کہ وہ اپنے مقامی روابط کے ذریعے رہنما ہدایات کو پھیلائیں۔خیال رہے کہ لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کی شمالی سرحد پر واقع مارگلیوٹ کے قریب ایک باغ میں ٹینک شکن میزائل داغا گیا تھا، جس میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔