کیپ ٹائون :ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کیپ ٹاؤن کے نیولینڈس میں کل 3جنوری سے شروع ہوا ٹیسٹ میچ آج دوسرے دن ہی ختم ہو گیا۔ ہندوستان کو جیت کے لیے دوسری اننگ میں 79 رنوں کا ہدف ملا تھا جسے روہت بریگیڈ نے محض 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں گیند کے لحاظ سے سب سے چھوٹا میچ رہا جس میں جیت اور ہار کا فیصلہ ہوا ہو۔ دراصل یہ ٹیسٹ میچ صرف 642 گیندوں میں ختم ہو گیا۔ اس سے قبل 1932 میں ملبورن کے میدان پر آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو ایک اننگ اور 72 رنوں سے ہرایا تھا جس میں 656 گیندیں پھینکی گئی تھیں۔
ویسے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بے شمار ریکارڈ بنے، لیکن سب سے بڑی بات یہ رہی کہ کیپ ٹاؤن میں ہندوستان نے پہلی بار جنوبی افریقہ کو شکست دی۔ یہ میچ پوری طرح سے گیندبازوں کا رہا کیونکہ 4 اننگ میں صرف ایک سنچری اسکور بنا اور نصف سنچری اسکور تو ایک بھی نہیں بن سکا۔ اس مشکل پچ پر ہندوستان نے 7 وکٹ سے جیت حاصل کی اور پہلی اننگ میں جہاں محمد سراج نے 6 وکٹ لے کر افریقی ٹیم کی کمر توڑ دی تھی، تو وہیں دوسری اننگ میں بمراہ نے 6 وکٹ لیتے ہوئے ہندوستان کے لیے جیت کا راستہ ہموار کر دیا۔