ممبئی :جمعیتہ علماء ہندلیگل سیل کے سکریٹری گلزاراعظمی کے انتقال پرمسلم رہنماؤں نے اظہار تعزیت کیا ہے ،اس موقع پر سابق ریاستی وزیر اور مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی ( ایم پی سی سی) کے کارگزار صدرعارف نسیم خان نے اسے ملت کا ناتلافی نقصان قرار دیا ہے ۔عارف نسیم خان نے کہاکہ انہوں نے ملت کی۔فلاح وبہبود کے لیے بہت بڑے بڑے کام کیے ہیں اور ہم نے ایک قیمتی سرمایہ کھودیاہے جس کی تلافی مشکل ہے۔انہوں نے کہاکہ گلزار اعظمی نے ہمیشہ ملت میں اتحاد و اتفاق کی کوشش کی اور اس کے لیے کوشاں رہتے تھے۔
ایک عرصے تک ان کے ساتھ کام کرنے کا موقعہ ملا اور ان کی فیصلہ کی صلاحیت بھی بھر پور تھی۔جب بھی ریاست یا ملک میں اقلیتی فرقے پر کہیں ظلم ہوتا تو وہ تلملااٹھتے اور اسے انصاف دلانے کے لیے ہرممکن کوشش کرتے تھے۔ انہوں نے فساد متاثرین اور بم دھماکوں میں پھنسائے گئے بے قصوروں کو انصاف دلانے کے لیے اور انہیں قانونی مدد فراہم کرانے کے لیے ہم تم گوش رہتے تھے ۔اس موقع پر سماجوادی پارٹی لیڈر اور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے گلزار اعظمی کی رحلت کو ملت کا عظیم خسار ہ قرار دیاہے، انہوں نے کہا کہ جمعیتہ علماء لیگل سیل کے سر براہ اور جنرل سکریٹری گلزار احمد اعظمی کی رحلت کی خبر افسوسناک ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ گلزار اعظمی کی رحلت قوم و ملت کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے ،آج ہم ایک شفیق اور بزرگ قائد ملت سے محروم ہو گئے اللہ پاک انہیں غریق رحمت کرے گلزار اعظمی کی خدمات کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی وہ مسلم مسائل کے ساتھ مسلم نوجوانوں کو اسیری سے نجات دلانے میں ہمیشہ کوشاں رہتے تھے۔وہ۔مظلوموں کی آواز تھے۔ابو عاصم نے کہاکہ اللہ سبحانہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق ہو۔ اللہ کی بارگاہ میں دعاہے کہ انہیں اپنی جواررحمت میں جگہ عطا کرے آمین۔