حیدرآباد: شہر کے نواحی علاقہ پرگی میں تبلیغی جماعت کے سہ روزہ صوبائی اجتماع میں شریک علماء اکرام نے شرکاء کو خلوص دل کے ساتھ اللہ کی عبادت کی تلقین کی اور کہا کہ بندۂ مومن کو اللہ تعالیٰ نے روئے زمین پر عارضی زندگی گذارنے بھیجا ہے اور اللہ کے رسولﷺ نے ہمیں اپنی اخروی زندگی جو کہ دائمی ہے اس کو کامیاب بنانے کے طریقہ سکھائے ہیں ۔ اللہ اور اس کے رسولؐ کی پیروی میں ہی انسان کی کامیابی پنہا ںہے اور جو اللہ کی کتاب اور نبیؐ پاک کی سنت کو اپنی زندگیوں میں داخل کرلیں گے ان کیلئے کامیابی ہی کامیابی ہے۔ علماء اکرام نے نوجوانوں میں بگاڑ کو دور کرنے دینی تعلیمات اور معلومات کو عام کرنے ‘ان میں دعوت و تبلیغ کے کام کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ امت میں بگاڑ پر محض افسوس یا آنسو بہانے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ امت کے نوجوانوں کی کردار سازی کیلئے دعوت کے کام کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ علماء نے ملک بھر میں دعوت کے کام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے دین کی محنت کیلئے بندوں کا انتخاب کرتا ہے اور اللہ کے راستہ میں دین متین کی دعوت کیلئے نکلنے والوں کو چاہئے کہ وہ اپنی متانت اور شائستگی کے ساتھ ہر شخص کے ساتھ پیش آئیں ۔ اللہ کو راضی کرنے ظاہر و باطن کو یکساں بنانے کے ساتھ اوروں کو بھی راہ نجات کی طرف دعوت دینے کا کام کریں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ پر یہ ذمہ داری عائد کی ہے کہ وہ اس دنیا میں موجود ہر شخص تک اللہ کے پیام کو پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اجتماع کے دوران مختلف وفود نے دعوت و تبلیغ کے تجربات بیان کئے اور کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں بھی اللہ کے فضل و کرم سے دعوت دین کا کام جاری اور مسلمان اپنے کردار کے ذریعہ اغیار تک پیغام پہنچا سکتا ہے۔
تبلیغی جماعت کاسہ روزہ صوبائی اجتماع ہفتہ شروع ہوا ہے اور اس میںمسلمانوں کی بڑی تعداد شریک ہے ۔ سہ روزہ اس اجتماع کے دوران شرکاء کو زندگی گذارنے کی عملی تربیت کے علاوہ عبادتوں کے طریقہ اور دنیا میں انسان کی آمد کے مقاصد کے متعلق تربیت دی گئی ۔ اجتماع کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں کے سرکردہ علمائے اکرام کے خطابات ہوں گے اور اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علمائے اکرام شرکاء میں للہیت پیدا کرنے کے علاوہ اللہ سے محبت کے پیغام کو عام کیا۔ اجتماع کے پہلے دن صبح کی اولین ساعتوں سے ہی اجتماع گاہ میں لاکھوں کی تعداد میں شرکاء پہنچ چکے تھے جن کیلئے وسیع انتظامات تھے ۔