نئی دہلی :چندریان 3 کے کامیاب مشن میں ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا کے ساتھ ملک کے باوقار ادارے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 3 سابق طلبا بھی شامل تھے۔ یونیورسٹی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سابق طلبا کو ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔دہلی واقع جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تین طلبا محمد کاشف، اریب احمد اور امت کمار بھاردواج بھی مشن چندریان 3 میں شامل تھے۔ ان تینوں طلبا نے جامعہ کے مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے 2019 میں بی ٹیک مکمل کیا تھا۔ ان طلبا نے اسرو 2019 کے سینٹرلائزڈ ریکروٹمنٹ بورڈ کے سائنٹسٹ/انجینئر کے عہدے کے لیے کوالیفائی کیا، جس کا نتیجہ ستمبر 2021 میں جاری کیا گیا تھا۔ ان تینوں میں سے محمد کاشف نے پہلے ہی امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے یونیورسٹی کا اعزاز بڑھا دیا ہے۔
مشن چندریان-3 میں شامل جامعہ کے سابق طالب علم اریب احمد نے میڈیا سے کہا کہ یہ کامیابی ہم سب کے لیے بہت خاص ہے اور تمام ہم وطنوں کو پرجوش دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ مختلف جگہوں سے پیغامات آ رہے ہیں، لوگ فون کر کے مبارکباد دے رہے ہیں۔ یہ لمحہ پوری زندگی کا ایک بہت ہی خاص لمحہ ہے۔ ہماری ٹیم کے باقی ارکان نے بھی اس مشن کو کامیاب بنانے کے لیے سب کچھ قربان کر دیا اور ہم ہمیشہ اسرو کےہر مشن کے لیے وقف رہیں گے۔
مشن چندریان 3 میں شامل سائنسدان امت کمار بھاردواج نے کہا ’’میں اپنی پوری ٹیم اور ملک کی کامیابی سے بہت پرجوش ہوں۔ یہ زندگی کا ایک بہت ہی ناقابل فراموش لمحہ ہے۔ کالج اور اسکول کے دوست بھی فون کر کے مبارکباد دے رہے ہیں۔ اس مشن کی کامیابی کے حوالے سے لوگوں کے چہروں پر جو خوشی ہے وہ بہت اطمینان بخش ہے۔ مستقبل میں بھی ملک کے ایسے ہر مشن کے لیے پوری طرح تیار ہوں گے۔امت سے جب اس مشن کے دوران خاندان سے ان کے رابطے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ خاندان کا بہت تعاون ملا لیکن اس مشن کے دوران ان کی فیملی سے بہت کم بات چیت ہوئی۔ امت نے ہندوستان کے سابق صدر اور عظیم سائنسدان ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو اپنا آئیڈیل بتایا اور کہا کہ ان کی پوری زندگی نہ صرف سائنس کے لوگوں کے لیے بلکہ ایک عام آدمی کے لیے بھی ایک تحریک ہے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نےمسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس عظیم کامیابی پر پرجوش انداز میں کہا کہ اس موقع پر سب سے پہلے میں محترم وزیر اعظم نریندر مودی کو مشن کی کامیابی کے لیے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ قومی جشن کا موقع ہے اور ہمیں یہ جان کر خاص طور پر خوشی ہوئی کہ ہمارے طلبا بھی اس تاریخی مشن کا حصہ تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ پوری یونیورسٹی کو ان پر فخر ہے اور تینوں طلبہ یونیورسٹی کے موجودہ طلبہ کے لیے رول ماڈل بن چکے ہیں۔