بھوپال : مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گےلیکن ان کے ممبر پارلیمنٹ بیٹے نکول ناتھ اور کچھ ایم ایل ایز بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے بات کرنے کے بعد کمل ناتھ نے پارٹی میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری، سابق وزیر سجن سنگھ ورما اور سابق وزیراعلی دگ وجئے سنگھ پہلے ہی بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر سجن ورما نے اتوار 18 فروری کو نئی دہلی میں سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ سے ملاقات کی تھی۔
یہ ملاقات کمل ناتھ کی رہائش گاہ پر تقریباً تیس منٹ تک چلی تھی۔ ملاقات کے بعد سجن سنگھ ورما نے میڈیا کو بتایا تھا کہ کمل ناتھ سے کچھ نکات پر بات ہوئی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی ان سے بات کی ہے۔ میں ان کے ساتھ 40 سال سے ہوں۔ کمل ناتھ جہاں بھی ہوں گے، میں وہیں رہوں گا۔ ورما نے کہا کہ کمل ناتھ آج بھی کانگریس میں ہیں، کل بھی کانگریس میں ہیں، لیکن پرسوں کا پتہ نہیں ہے۔ ہمارے ریاستی صدر جیتو پٹواری کے خلاف کوئی ناراضگی نہیں، وہ اپنا بچہ ہے۔