سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شخص ہاتھ میں شراب کی بوتل پکڑے نظر آ رہا ہے۔ اس پر چھپی بی جے پی کے بڑے لیڈروں کے فوٹو دکھا کر کہہ رہا ہے کہ یہاں بہت ترقی ہو رہی ہے۔ بوتلوں پر سیاست دانوں کے فوٹو لگا کر پرچار کیا جا رہا ہے۔ اس ویڈیو کو سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی شیئر کیا ہے جس کے بعد یہ معاملہ سرخیوں میں آ گیا ہے۔وائرل ویڈیو میں ایک شخص اپنے ہاتھ میں شراب کی بوتل پکڑے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ وہ بوتل کے پیکٹ پر چھپی بی جے پی کے بڑے لیڈروں کی فوٹو دکھاتے ہوئے ان کا نام بھی لے رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ یہاں ترقی بہت زیادہ ہو رہی ہے۔ یہاں شراب کی بوتل پر لیڈروں کی تصویر لگا کر پرچار کیا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں کچھ اور لوگوں کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں لیکن کسی کا چہرہ نظر نہیں آ رہا ہے۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ایس پی سربراہ اکھلیش یادو سمیت کئی لوگوں نے اسے اپنے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے۔ اکھلیش یادو نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’بی جے پی کتنے بھی غلط راستے اپنا لے لیکن عوام اس کو، اس کی بوتل میں بند کرنے کو تیارہے۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد موجودہ ایم پی اور بی جے پی امیدوار آر کے پٹیل نے کہا کہ ان کے مخالفین انہیں بدنام کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ تحقیقات کے بعد حقیقت سامنے آئے گی۔ اس معاملے میں چترکوٹ کے ڈی ایم ابھیشیک آنند اور ایس پی ارون سنگھ نے ’ایکس‘ پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے جانچ کا حکم دیا ہے۔ ایکس صارفین کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس کی گہرائی سے چھان بین کی جا رہی ہے۔ جس کے بعد قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ قومی آواز اس وائرل ویڈیو کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔