ہاپوڑ: موب لنچنگ کے ایک معاملے میںاتر پردیش میں ہاپوڑ ضلع کی ایک عدالت نے 12 مارچ کو فیصلہ سناتے ہوئے 10 قصورواروں کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے تمام قصورواروں پر 59-59 ہزار روپے کا جرمانہ بھی لگایا ہے۔ پولیس نے اس موب لنچنگ معاملے میں 10 ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اس وقت سے معاملہ ایڈیشنل ضلع و سیشن جج کی عدالت میں زیر التوا تھا۔2018 میں گئوکشی کے شبہ میں بھیڑ کے ذریعہ حملہ میں ماداپور باشندہ قاسم (50 سال) کی موت ہو گئی تھی اور ایک دیگر شخص سنگین طور پر زخمی ہوا تھا۔ اس معاملے میں سپریم کورٹ نے بھی پولیس تفتیش میں مداخلت کرتے ہوئے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کرنے کا حکم ڈی آئی جی میرٹھ کو دیا تھا۔ اب اس معاملے میں ایڈیشنل ضلع و سیشن جج شویتا دیکشت کی عدالت نے سبھی 10 ملزمین کو قصوروار قرار دیتے ہوئے انھیں تاحیات جیل کی سزا سنا دی ہے۔