اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی پچاس سالہ مریم نواز پیر کو ملک کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بن گئیں، وہ صوبہ پنجاب کے لیے اس عہدے کے لیے منتخب ہوئی ہیں۔ مریم سابق وزیر اعظم عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے منتخب نمائندوں کے واک آؤٹ کے درمیان وزیر اعلیٰ کا عہدہ جیت گئیں۔
مریم نواز پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہیں۔ وہ اس منصب پر فائز ہونے والی شریف خاندان کی چوتھی شخصیت ہیں۔ ان سے پہلے ان کے والد میاں محمد نواز شریف، ان کے چچا میاں شہباز شریف اور ان کے کزن میاں حمزہ شہباز شریف بھی مختلف ادوار میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔ مریم نواز ایک ایسے وقت پر پنجاب میں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھاا ہے، جب ان کے چچا شہباز شریف ایک بار پھر ملکی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے جا رہے ہیں۔ مریم نواز کو خاندانی اور موروثی سیاست کے حوالے سے تنقید کا سامنا بھی ہے۔
مریم نواز شریف کا تعلق لاہور کے ایک صنعتی کاروباری گھرانے سے ہے۔ ان کی شادی خیبر پختونخوا کے علاقے مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے ایک سابق فوجی افسر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر سے ہوئی اور ان کے تین بچے ہیں۔ مریم نواز کو اچھا لباس زیب تن کرنے کا شوق ہے اور خواتین کی ایک بڑی تعداد انہیں ان کی خوش لباسی کی وجہ سے بھی جانتی ہے۔