ونپرتی:تلنگانہ کے ونپرتی ضلع مستقر میں مسلم طالب علم کو نماز کی ادائیگی کیلئے مسجد جانے کے دوران نام پوچھ کر ان پر حملہ کیا گیا۔منصف کی خبر کے مطابق منگل کوونپرتی ضلع مستقر میں موجود ایس سی ہاسٹل میں مقیم ڈپلومہ فارمیسی سال اول کے نوجوان19 سالہ محمد معصوم جو کولّہ پور منڈل کے پداکوتہ پلی منڈل موضع چندارکلہ کے مسجد آمنہ خضر میںعشاء کی نماز ادا کرنے کے لیے جارہے تھے تو کچھ شرپسندوں نے نوجوان کو روک کر پوچھا کہ تم کہاں جارہے ہو؟ تو نوجوان بات کئے بغیر آگے جارہا تھا کہ انہیں روک کر طمانچہ رسید کیا۔سر پر موجود ٹوپی کو سڑک پر ڈال کر پیروں سے روند دیااور نوجوان کو مار پیٹ کی گئی۔ اس نوجوان نے اپنے کالج کے ساتھیوں کو آواز دی انہیں آتا دیکھ کر شرپسند نوجوان کو چھوڑ کر چلے گئے۔
نوجوان نے مسجد کے امام صاحب کو فون پر اطلاع دی، مسجد کے امام نے نوجوان کو دواخانہ منتقل کیا۔ پولیس نے نامعلوم شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کیا اور تحقیقات جاری ہیں جب نمائندہ نے پولیس کے اعلی عہدیدار سے فون پر بات کی تو انھوں نے کہا کہ وہ تحقیقات کررہے ہیں۔جلد از جلد شرپسند عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ زخمی مسلم نوجوان وطالب علم کو بہتر علاج کے لیے حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے۔