دُبئی :منگل کو آئی پی ایل کی نیلامی میں ورلڈ کپ جیتنے والے آسٹریلوی کھلاڑیوں پر بھاری رقوم کی بارش ہوئی۔ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کو نیلامی میں 20.50 کروڑ روپے ملنے کے کچھ ہی دیر بعد ان کے ساتھی بولر مچل اسٹارک 24.75 کروڑ روپے میں آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے اسٹارک کو 24.75 کروڑ روپے کی بھاری قیمت میں خریدا ہے۔ سن رائزرس حیدرآباد نے کمنز کو 20.50 کروڑ میں خریدا ہے۔ ورلڈ کپ فائنل پلیئر آف دی میچ ٹریوس ہیڈ کو سن رائزرز حیدرآباد نے 6.80 کروڑ روپے میں خریدا۔ اس طرح اس نیلامی میں آسٹریلیا کے تین کھلاڑیوں نے 50 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔
واضح ہو کہ گزشتہ سال انگلینڈ کو ٹی ٹوینٹی کا عالمی چیمپئن بنانے والے نوجوان آل راؤنڈر سیم کرن آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بنے تھے۔ آئی پی ایل 2023 کی منی نیلامی میں انہیں پنجاب کنگز نے 18.50 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ ان کی بنیادی قیمت 2 کروڑ روپے تھی۔ یعنی پنجاب نے اس آل راؤنڈر کو بنیادی قیمت سے 9 گنا زیادہ قیمت پر اپنے اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔
پیٹ کمنز کے ساتھی ٹریوس ہیڈ نے بھی سن رائزرس حیدرآباد جوائن کیا ہے۔ ٹریوس ہیڈ کو خریدنے کے لیے سن رائزرس حیدرآباد اور چنئی سپر کنگز کے درمیان مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ لیکن آخر میں حیدرآباد نے ٹریوس ہیڈ کو 6 کروڑ 80 لاکھ روپے میں خرید لیا۔ ٹریوس ہیڈ اس سے پہلے 2016 اور 2017 کے آئی پی ایل میں نظر آچکے ہیں ۔